عمران خان کا سیاسی کارکنوں کو گدھا کہنا قابل مذمت ہے : مریم اورنگزیب

 

لاہور: سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ عمران خان کا سیاسی کارکنوں کو گدھا کہنا قابل مذمت ہے ،عمران خان کی تقاریر سے انکی سیاسی اور اخلاقی تربیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ،لاکھوں افراد اپنے قائد کا فقید المثال استقبال کریں گے ۔

.

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی تقریر پر ردعمل کااظہارکرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران صاحب کی سیاسی تربیت پر دکھ ہوتا ہے اور عمران خان کی تقاریر سے انکی سیاسی اور اخلاقی تربیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور مریم نواز کا استقبال کرنے لاکھوں کی تعداد میں لوگ لاہور ائیرپورٹ آئینگے،ہم اپنے قائد کا پر امن استقبال کریں گے ،اس میں کیا ڈر ہے کہ لاہور کو بند کر دیا گیا ہے ،موٹروے بند کر دی گئی ہے ،ہمارے کارکنوں کے گھروں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں ،گرفتاریاں ہو رہی ہیں،معصوم لوگوں کے گھروں میں گھس کر خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی جا رہی ہے جو افسوسناک ہے ،

ہم نے لاک ڈاؤن کو بھی سہا ہے ،دھرنے بھی برداشت کئے ہیں ،یہ 2018 ہے 1980 اور 90 کی دہائی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام رکاوٹوں ،تمام گرفتاریوں،تمام دھمکیوں ،دھونس اور دھمکیوں کے باوجود لاکھوں افراد اپنے قائد کا استقبال کرنے کے لئے نکلیں گے ۔