لیگی رہنما ہمایوں اختر خان کی پی ٹی آئی میں شمولیت

 

اسلام آباد : مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے اپنی پارٹی کو خیرباد کہہ کرتحریک انصاف میں شمولیت اختیارکرلی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ہمایوں اخترخان کی خواہش تھی کہ وہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے -131 پہ انتخابی امیدوار ہوں۔ سابق وفاقی وزیر نے اس مقصد کے لیے پارٹی قیادت کو درخواست بھی دی تھی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمایوں اختر خان کو پارٹی کا انتخابی ٹکٹ دینے کے بجائے سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق کو این اے -131 پہ اپنا امیدوار نامزد کردیا جس پر وہ ناراض ہوگئے۔

جنرل ضیاالحق کے ساتھ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ڈی جی آئی ایس آئی جنرل اختر عبدالرحمان خان کے صاحبزادے ہمایوں اخترخان نے بنی گالہ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔