ترکی میں ناکام بغاوت کےدوران ہلاکتوں پر72 افراد کو عمرقید

استنبول: ترک عدالت نے 2 سال قبل ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے دوران 34 افراد کی ہلاکت کے الزام میں 72 افراد کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔

سزا یافتہ 72 افراد میں ترک فوج کا ایک کرنل اورایک میجربھی شامل ہے جن پرآئینی احکام کی خلاف ورزی کا الزام ہے جبکہ دیگر27 افراد کو معاونت فراہم کرنے کے جرم میں 15 سال سے زائد کی قید کی سزا دی گئی۔

سزا پانے والے ملزمان نے صحت جرم سے انکارکیا اور بریت کی درخواست کی جبکہ ان کے علاوہ مقدمے میں نامزد 44 افراد کو بری کردیا گیا۔

اس مقدمے میں سزایافتہ افراد پرالزام تھا کہ انھوں نے جان بوجھ کران شہریوں کو قتل کیا جو فوجی بغاوت میں ملوث افراد کی جانب سے شاہراہ باسفورس بند کئے جانے کے بعد ترک صدر اردوان کے پیغام پر باغیوں سے نمٹنے باہرآئے تھے۔

ترک صدر کے ترجمان ابراہیم کالن نے کہا کہ 18 جولائی کو ملک میں نافذ ایمرجنسی کا نفاذ ختم کردیا جائے گا۔