سانحہ مستونگ پرعالمی برادری بھی غمزدہ،دہشتگردی کےخاتمےتک تعاون کی یقین دہانی

سانحہ مستونگ پرعالمی برادری بھی غمزدہ،دہشتگردی کے خاتمےتک تعاون کی یقین دہانی

مستونگ میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش حملے پر عالمی برادری بھی غم زدہ ہے،سعودی عرب، امریکا، برطانیہ، جرمنی اور یورپی یونین کی جانب سے شدیدمذمت کی گئی ہے، عالمی رہنماؤں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کو مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔
جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے نگران وزیراعظم ناصرالملک کے نام تعزیتی پیغام، جس میں انہوں نے مستونگ خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں انتخابی مہم میں دہشت گرد حملے پر شدید دکھ ہوا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے اپنے ایک بیان میں متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی جمہوری عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بھی مستونگ میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی اور صدر ممنون حسین کو تعزیتی پیغام میں کہاکہ سعودی عرب اس مجرمانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور شہداء کے لواحقین اور اسے تمام پاکستانی عوام سے دلی ہمدردی ہے۔
سعودی حکومت اور عوام اس مصیبت کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہیں اور پاکستان اور پاکستانی عوام کی حفاظت کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہیں۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی صدر ممنون حسین کو تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سےبھی دھماکے کی مذمت کی گئی ہے اور پیغام میں کہاگیاکہ خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہاکہ حملے پاکستانی عوام کوجمہوری حقوق سےمحروم کرنے کی کوشش ہےاوردھماکوں میں مرنے والوں کے اہلخانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں ۔
یورپی یونین نے مستونگ میں انتخابی جلسے میں خودکش دھماکے میں انسانی جانوں کے ضیاع کی مذمت کی۔ یورپی یونین کا کہنا تھا کہ دھماکے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں،یورپی یونین کے مطابق حالیہ حملوں کی مکمل تفتیش کی اشد ضرورت ہے اور توقع ہے پاکستانی حکام انتخابی سرگرمیوں کی سیکیورٹی یقینی بنائیں گے۔