نوازشریف 3 بار وزیراعظم رہے انہیں استحقا ق کے مطابق سہولتیں دی جائیں۔شہباز

اسلام آباد: سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے نگران وزیراعظم اورنگران وزیراعلیٰ پنجاب کوخط لکھا ہے کہ نوازشریف 3باروزیراعظم رہے انہیں استحقاق کے مطابق جیل میں سہولتیں دی جائیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کے نام خط لکھے ہیں جس میں نوازشریف کو سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
خط میں کہا گیا ہےکہ نوازشریف کو سابق وزیراعظم کے استحقاق کے مطابق سہولتیں دی جائیں، انہیں طبی معائنے اور ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔
خط میں مزید کہا گیا ہےکہ میاں نوازشریف کو دل کا عارضہ ہے اس لیے ان کے ذاتی معالج کو تواتر کے ساتھ طبی معائنے کی اجازت دی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ شہبازشریف کا خط نگران وزیراعظم اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو پہنچا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں سزا پانے والے نوازشریف ان دنوں اڈیالہ جیل میں قید ہیں جہاں انہوں نے گزشتہ روز اپنے وکلاء سے جیل میں سہولیات کی عدم فراہمی پر شکوہ کیا تھا۔