ممبئی: ریحام خان کی حال ہی میں آن لائن فروخت کے لیے پیش کی گئی کتاب میں دنیا کے بہت سے لوگوں کے بارے میں باتیں لکھی گئی ہیں جن پر تبصرے اور تجزیہ بھی جاری ہیں۔
ایک معروف بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق ریحام خان نے اپنی کتاب میں جہاں اپنے سابق شوہر عمران خان کا خصوصی ذکر کرنے کےساتھ ساتھ دیگر مردوں سے متعلق بھی باتیں لکھی اورتعریفیں کی ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق ریحام خان کی 445 صفحات پر مبنی سوانح حیات میں بولی وڈ رومانس بادشاہ شاہ رخ خان کا ذکر بھی کیا گیا ہےاورکتاب میں شاہ رخ خان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں منکسر مزاج انسان قرار دیاگیاہے۔
ریحام خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ 2008 میں لندن میں گزارے گئے لمحات اور ان کے ساتھ ایک اشتہار میں کام کرنے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بولی وڈ اداکار ایک متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ شخص ہیں۔
ریحام خان نے لکھا کہ انہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ ایک برطانوی ہیلتھ فرم ‘ڈونٹ ڈیلے، کلیم ٹوڈے’ کے ایک اشتہار میں کام کیا۔
ریحام خان کے مطابق اس اشتہار کا مقصد برطانیہ میں موجود بھارتی و پاکستانی افراد کو روڈ حادثات کے بعد پیش آنے والے قانونی مسائل میں مدد فراہم کرنے سے متعلق معلومات فراہم کرنا تھا، کیوں کہ مذکورہ ادارہ روڈ حادثات کے شکار افراد کو قانونی مدد فراہم کرنے کے حوالے سے کام کرتا تھا۔
ریحام خان نے لکھا ہے کہ کیوں کہ وہ اس وقت ایک معروف نیوز چینل سے وابستہ تھیں اور وہ اشتہار بنانے والے ادارے کے لیے پہلی پسند تھیں، اس لیے انہیں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔
ریحام خان کے مطابق اشتہار کی شوٹنگ کے دوران ہونے والی ملاقات میں وہ سادہ شخصیت اور کسی بھی قسم کا غرور نہ ہونے کی وجہ سے شاہ رخ خان کی شخصیت سے متاثر ہوئیں ۔
ریحام خان نے شاہ رخ خان کو دوستانہ مزاج کا مالک دیتے ہوئے لکھا کہ وہ تعلیم یافتہ اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے اس شخص کے پروفیشنل ازم سے متاثر ہوئیں۔
بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق سادہ الفاظ میں ریحام خان نے کتاب میں لکھا ہے کہ پہلے وہ بکریوں کی حفاظت کرنے کو مشکل ترین کام سمجھتی تھیں لیکن اب ان کے خیال میں بعض مردوں کے ساتھ تعلق اس سے بھی زیادہ مشکل کام ہے۔