پشاور: وفاقی وزیر داخلہ محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کی بنیادی ذمہ داری ملک میں عام انتخابات کا پرامن ، شفاف اور منصفانہ انعقاد ہے۔انہوں نے پیر کے دن فرنٹیئر کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔
کمانڈنٹ ایف سی لیاقت علی خان نے بریفنگ کے دوران نگراں وزیرداخلہ کو ایف سی میں کی جانے والی اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ نگراں وزیر داخلہ نےکہا کہ نگراں حکومت ملک میں عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں فرنٹیئر کا نسٹیبلری خیبر پختونخوا شاندار خدمات سرانجام دے رہی ہے، ایف سی کے افسران اور جوان گلگت بلتستان سے کراچی تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کر رہے ہیں۔