ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ میں ایک نیا مک مکا پس پردہ چل رہاہے، (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی عوام سے دھوکا کررہے ہیں، یہ دونوں جماعتیں ایک طرف میدان میں مقابلہ کررہےہیں اور دوسری طرف درپردہ مذاکرات کررہے ہیں۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آصف زرداری نے بی بی شہید کے قریبی ساتھیوں کوچن چن کر پارٹی سے نکالا، پیپلزپارٹی درپردہ (ن) لیگ سے ملی ہوئی ہے اور میثاق جمہوریت درحقیقت مک مکا کا حصہ ہے، تحریک انصاف کو یہ نیا مک مکا قبول نہیں کیونکہ ہمیں ایسا میثاق نہیں چاہیے جو کرپٹ لوگوں کو تحفظ دے، صرف آئین کی حکمرانی کے لیے نئے میثاق پر بات ہوسکتی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھاکہ کوئی ایسا میثاق جموریت جس میں کہا جائے کہ نیب کے دانت نکال دو اور ناخن اتا ردو، ہمیں قبول نہیں، ہماری اطلاعات کے مطابق پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ میں ایک نیا مک مکا پس پردہ چل رہاہے، نئی گفتگو میں نیا انتطام اور نیا مک مکا شروع ہے، (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی عوام سے دھوکا کررہے ہیں، یہ دونوں جماعتیں ایک طرف میدان میں مقابلہ کررہےہیں اور درپردہ مذاکرات کررہے ہیں۔
انہوں نےمزید کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان مقابلہ ہے، پنجاب کے سیاسی میدان میں کوئی اور جماعت نہیں ہے، پنجاب والے زرداری کی پیپلزپارٹی کو ووٹ دینے کے لیے تیار نہیں اور بلاول بااختیار پیپلزپارٹی کا چیئرمین نہیں ہے۔