ڈیوڈ وارنر کی کپتانی خطرے میں پڑ گئی
ڈیوڈ وارنر 7 مئی کو ڈاؤننگ سینٹر لوکل کورٹ میں پیش ہوں گے، جہاں کیس کی مزید سماعت ہوگی۔
سڈنی: آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر کی بگ بیش لیگ ٹیم سڈنی تھنڈرز کی کپتانی خطرے میں پڑ گئی ہے، جب ان کے خلاف نشے میں ڈرائیونگ کا مقدمہ سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 39 سالہ بیٹر پی ایس ایل کے گیارہویں سیزن کے دوران مختصر چھٹی پر آسٹریلیا واپس گئے تھے۔ اسی دوران سڈنی کے مشرقی علاقے میں ایسٹر سنڈے کے موقع پر پولیس نے انہیں روکا اور ٹیسٹ کے دوران الکوحل کی مقررہ حد سے زیادہ مقدار پائی گئی۔
پولیس نے انہیں حراست میں لے کر مزید طبی معائنے کے لیے ماروبرہ پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔
واقعے کے بعد نیو ساؤتھ ویلز حکام نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے سے آگاہ ہیں اور ڈرنک ڈرائیونگ کو انتہائی سنجیدہ سمجھتے ہیں، تاہم اس مشکل وقت میں ڈیوڈ وارنر کے ساتھ کھڑے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ڈیوڈ وارنر 7 مئی کو ڈاؤننگ سینٹر لوکل کورٹ میں پیش ہوں گے، جہاں کیس کی مزید سماعت ہوگی۔