ریاض:سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایک نیا شاہی فرمان جاری کیا ہے ، جس میں یمن میں بحالی امید آپریشن میں شامل فو جیوں سے ہونے والی پیشہ وارانہ کوتاہیوں پر انہیں عام معافی دینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔جس سے ان فوجیوں کیخلاف کسی بھی قسم کی فوجی یا انضباطی کارروائی کے امکانات ختم ہوگئے۔
اس حوالے سے سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے شائع کردہ عام معافی کے بیان میں کسی خاص جرم کا ذکر نہیں کیا گیا اس کے بجائے یہ کہا گیا ہے کہ یہ اقدام فوجیوں کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے کیا گیا ہے۔ شاہی معافی کا اطلاق ان تمام فوجیوں پر ہوتا ہے جو یمن میں جاری ’آپریشن ریسٹورنگ ہوپ‘ میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ عام معافی کا اعلان خصوصی طور پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی خواہش پر شاہ سلمان نے کیا۔