اسرائیلی بائیکاٹ کے باعث ایچ پی کمپنی کو خسارے کا سامنا

 

نئی دہلی: اسرائیلی بائیکاٹ کے باعث ایچ پی کمپنی کو بھارت میں خسارے کا سامناہے۔فلسطینی میڈیا کے مطابق بھارت میں طلبا کی طرف سے اسرائیلی بائیکاٹ کی تحریک کے نتیجے میں ان تمام بھارتی اور اسرائیلی کمپنیوں کو بھارت میں نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جو مشترکہ منصوبوں پر کام کرتی ہیں۔

ان میں ٹیکنالوجی انفرااسٹرکچر کی بھارتی کمپنی ہیولیٹ پاکارڈ( ایچ پی )کو بھارت میں ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے خسارے کا سامنا ہے۔بائیکاٹ تحریک کی جنوبی ایشیا کے خطے کی رابطہ کارابو رفا غوتام نے بتایا کہ بھارت کی سب سے بڑی طلبا تنظیم نے صہیونی ریاست کے بائیکاٹ کے لیے کام کرنے والی بی ڈی ایس تحریک کی حمایت کرکے ایچ پی جیسی کمپنی کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔

ادھربھارتی طلبا تنظیم کے سیکرٹری جنرل وکرم سنگھ کا کہنا ہے کہ ایچ پی کے بائیکاٹ کی مہم بھارت میں مزید پھیلے گی اور کمپنی کو مزید خسارے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں جامعات کے طلبا نے ایچ پی کی مصنوعات کی خریداری کا بائیکاٹ کردیا ہے۔