لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عابد باکسر کا نام شہبازشریف کو بہت مہنگا پڑے گا، عابد باکسر کہتا ہے ن لیگی رہنماؤں نے مجھ سے قتل کرائے۔
رائیونڈ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جب ملک کی پولیس تباہ ہوتی ہے تو ملک تباہ ہوتے ہیں، وہاں کاروبار تباہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کے پی کے کی پولیس غیرسیاسی ہے اسی لیے سب اس کی تعریف کرتے ہیں۔پی ٹی آئی چیئرمین نے دعویٰ کیا کہ کے پی کے میں 27 نئے اسپتال بنائے، غریبوں کو ہیلتھ انشورنس دی، 6 ہزار نئے ڈاکٹرز لے کر آئے، 10 یونیورسٹیاں اور 60 نئے کالج بنائے۔ انہوں نے کہا کیا کہ پی ٹی آئی حکومت نے کے پی میں عورتوں کے لیے پہلا کیڈٹ کالج بنایا۔
عمران خان نے سوال کیا کہ مجھے یہ بتائیں یہ 30 سال سے بیٹھے ہوئے ہیں انہوں نے انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ کی کتنی نئی یونیورسٹیز بنائیں؟۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کھانسی بھی ہوتی ہے تو یہ باہر چلے جاتے ہیں۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ حکمرانوں نے سرکاری خرچوں پر اپنے گھروں کو کیمپ آفس ڈکلیئر کرایا، ایک گھر پر انہوں نے پانچ ارب ستر کروڑ روپیہ خرچ کیا، نواز شریف نے پرائم منسٹر ہاوس پرایک ارب روپیہ اور بیرون ملک دوروں پر ایک ارب روپیہ خرچ کیا۔ بچہ بچہ مقروض ہے اور یہ رائیونڈ کے بادشاہ اپنے گھروں پر خرچ کر رہے ہیں، انہیں گھروں میں انہیں سزا ہونی چاہیے۔
عمران خان نے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم 25 تاریخ کو بتائیں گے کہ پاکستان کو قرضے سے کیسے نکالا جاسکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ اگر اللہ نے موقع دیا تو پہلے ادارے ٹھیک کریں گے۔ آپ کو میں پیسہ اکٹھا کر کے اور خرچہ کم کر کے دکھاوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اسی قوم سے پیسہ اکٹھا کروں گا کیونکہ قوم پر خرچ کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی حکومت میں آئی تو ہماری کوشش ہوگی کہ کمزور طبقے کو اوپر اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ جو ہم گھر بنائیں گے اس سے نوکریاں ملیں گی اور لوگوں کو گھر سستے ملیں گے۔