جنوبی کوریا کی سابق صدر کو مزید 8 برس قید کی سزا

سیئول:جنوبی کوریا کی عدالت نے سابق صدر پارک گُن ہے کو غیر ضروری فنڈز جمع کرنے پر6 سال اورانتخابات کے نتائج پر اثرانداز ہونے کے جرم میں 2 سال قید کی سزا سنادی ہے۔

کورئین میڈیا کے مطابق عدالت میں جنوبی کوریا کی اسیرسابق صدر پارک گُن ہَے کے خلاف 2 مقدمات کی سماعت ہوئی۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے دونوں مقدمات میں مجموعی طور پر8 سال قید کی سزا سنائی جس میں 6 سال قید غیرضروری فنڈ جمع کرنے کے جرم میں اور2 سال قید انتخابی عمل میں بیجا مداخلت پر سنائی گئی ہے۔

سماعت کے دوران جنوبی کوریا کی سابق صدرفیصلہ سننے کے لئے موجود نہیں تھیں تاہم عدالت نے ان کی غیرموجودگی میں ہی فیصلہ سنا دیا۔

8 سال کی مزید قید کی سزا کے بعد اب سابق صدرپارک گن ہے کو32 سال جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزارنے ہوں گے۔

اپنے ایک بیان میں سابق کوریائی صدر نے الزامات اورسزاؤں کو سیاسی مخالفت کا نتیجہ قراردیا ہے۔

یاد رہے کہ جنوبی کوریا کی سابق صدر پارک گن ہے کو کرپشن الزمات پرعوامی دباؤ کے پیش نظر2017 میں منصب سے ہٹا دیا گیا تھا جس کے بعد اُن پرقائم مقدمات کی سماعت ہوئیں۔

کرپشن الزامات اورحکومتی رازافشا کرنے پر پارک گُن ہَے کو 24 برس کی سزا سنائی گئی تھی اوراب 2 مختلف مقدمات میں مزید 8 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔