کراچی: آئی جی سندھ نے کراچی کے علاقے اولڈ رضویہ میں قائم مدرسے میں دستی بم دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئےڈی آئی جی ویسٹ سے رپورٹ طلب کرلی۔
انچارج محکمہ انسداد دہشت گردی راجہ عمرخطاب نے اولڈ رضویہ میں جائے وقوع کا دورہ کیا اور ثبوت وشواہد کی بابت دریافت کیا۔انچارج سی ٹی ڈی نے اس موقع پرمیڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ دوپہر ڈھائی بجے پیش آیا جس میں ایک چوکیدار زخمی ہوا۔
راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ چوکیدار کے بیان کے مطابق اسے باہر سے کوئی چیز ملی جسے وہ اندر لایا اور جب اس نے اسے کھولنا چاہا تو ڈیٹو نیٹر دھماکے سے پھٹ گیا۔انچارج سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دھماکے سے پھٹنے والا بم دیسی ساختہ نہیں تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ابھی تک مدرسے سے کوئی ممنوعہ اشیا یا اسلحہ بھی برآمد نہیں ہوا ہے۔