شام میں روس اور سرکاری فوج کی بمباری سے 26افراد جاں بحق

دمشق: شام کے جنوب مغربی صوبے درعا میں روس اور شام کی اتحادی فوج کے لڑاکا طیاروں نے رات گئے فضائی بمباری کی جس کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جن میں 11 معصوم بچے بھی شامل ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فضائی بمباری سےسیکڑوں مکانات منہدم ہو گئے ہیں اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ زخمیوں کو طبی امداد مہیا کی جا رہی ہے۔ شدید زخمیوں کو طبی سہولتیں حاصل نہ ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب شامی حکومت کا کہنا تھا کہ مذکورہ علاقےباغی جماعتوں کے زیر تسلط تھے۔
واضح رہے کہ شام میں 2011 سے شروع ہونے والی خانہ جنگی میں اب تک 3 لاکھ 50 ہزار افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ لاکھوں خاندانوں کو دربدر ہونا پڑا ہے