کردعلیحدگی پسندوں کےحملے میں ایرانی انقلابی گارڈزکے11 اہلکارہلاک

تہران: ایران عراق سرحد پر کرد مسلح علیحدگی پسندوں نے ایک حملے میں ایرانی انقلابی گارڈز کے11 اہلکاروں کو ہلاک کردیا ہے۔

ایران کی نیم سرکاری خبرایجنسی ’’ تسنیم ‘‘ کے مطابق مسلح کرد علیحدگی پسندوں نے سرحدی علاقے میں ایرانی انقلابی گارڈز کی چیک پوسٹ پرحملہ کیا تھا جس کے بعد ایرانی سیکیورٹی فورسزسے زبردست جھڑپ ہوئی ۔

ایرانی انقلابی گارڈز کے ایک بیان کے مطابق جھڑ پ میں کئی کرد علیحدگی پسند بھی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک اسلحہ ڈبو تباہ ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سرحدی علاقے میں جہاں جھڑپ ہوئی ہے وہاں کرد مسلح گروپ سرگرم عمل ہیں ۔

ایران کے صوبائی سیکیورٹی افسرحسین خوش اقبال نے ایران کے سرکاری ٹی وی کو بتایا ہے کہ مریوان کے علاقے میں کئے گئے حملے میں ایرانی فورسز کے11 ارکان ہلاک ہوگئے ہیں ۔

انھوں نے بتایا کہ حملہ کردوں کے مسلح اپوزیشن گروپ دی پارٹی آف فری لائف آف کردستان ’’ پی جے اے کے‘‘ نے کیا تھا جو ایک کالعدم گروپ ہے اورایران میں کردوں کیلئے اپنی حکومت بنانا چاہتا ہے۔ اس علیحدگی پسند کرد گروپ کے ترکی کی کردش ورکرز پارٹی ’’ پی کے کے‘‘ سے روابط ہیں جو سرحدی علاقے میں سرگرم عمل ہے۔

یاد رہے کہ اس ماہ کے شروع میں ایران کے انقلابی گارڈزنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس نے عراقی سرحد کے قریب ایک آپریشن کے دوران 3 کردعلیحدگی پسندوں کو ہلاک کردیا تھا ۔

ایرن کے وزیرانٹیلیجنس محمد علوی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے چند روزقبل داعش کے4 دہشت گردوں کو بھی گرفتارکیا تھا جوحملوں کی منصوبہ بندی کرہے تھے۔