سابق ماڈل قرۃالعین دم گھٹنےسے جاں بحق

 

کراچی :سابق ماڈل قرۃالعین (عینی) علی خان کی لاش ان کی رہائش گاہ سے بر آمد کرلی گئی۔پولیس کے مطابق عینی کی لاش کراچی جم خانہ کے قریب واقع قصر زینب بلڈنگ کے تیسرے فلور سے بر آمد کی گئی۔لاش کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی دم گھٹنے کی وجہ سے ہلاکت کی تصدیق کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ لاش پر کسی قسم کے جلنے یا چوٹ لگنے کے نشانات موجود نہیں تھے۔

پولیس کے مطابق عینی کے شوہر بیرون ممالک میں مقیم ہیں اور وہ اپنے فلیٹ میں اکیلے رہتی تھیں۔عینی کے پڑوسیوں کی جانب سے اطلاع ملی تھی کہ ان کے فلیٹ سے دھواں نکل رہا ہے۔پولیس نے فوری موقع پر پہنچی تو فلیٹ کا دروازہ اندر سے بند تھا تاہم پولیس کی جانب سے اسے توڑے جانے پر انہیں اندر لاش ملی جبکہ لاش کے سرہانے چند جلی ہوئی کتابیں بھی موجود تھیں۔