سپریم کورٹ میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی کیخلاف درخواست دائر

سپریم کورٹ لاہور رجسٹر ی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فاضل جج جسٹس شوکت صدیقی کے خلاف از خود نوٹس لینے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف پیش کیا ہے کہ جسٹس شوکت صدیقی ،نواز شریف کے قریبی ساتھی اور عرفان صدیقی کے عزیز ہیں، وہ عدلیہ کے مخالف اور سیاسی ایجنڈے کے حامل ہیں، ان کی متنازعہ تقریر سے لگتا ہے کہ وہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی اپیل کی سماعت کرنا چاہتے تھے۔
درخواست کے متن میں ہے کہ جسٹس شوکت صدیقی نے ملکی ادارے کے خلاف بیان دیا جو ان کے اپنے حلف کی خلاف ورزی اور ملکی وفاداری سے روگردانی کے مترادف ہے، جسٹس شوکت صدیقی اپنے عہدے پر برقرار رہنے کی اہلیت کھو چکے ہیں لہذٰا اعلیٰ عدلیہ ان کے خلاف کارروائی کے لئے ازخود نوٹس لے۔