راولپنڈی : مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اورسابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی کے ٹوئٹر اکائونٹ سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ قوم 25 جولائی کو ووٹ کی عزت کے لیے اٹھ کھڑی ہو۔
نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے ٹوئٹر ہینڈل سے سابق وزیراعظم کا پیغام جاری کیا گیاہے جس میں نواز شریف نے قوم کو پیغام دیا ہے کہ قوم اپنے حقوق کی آزادی اور ووٹ کی عزت کے لیے اٹھ کھڑی ہواور 25 جولائی کو گھروں سے نکلے اور شیر پر مہر لگائے۔
انہوں نے کہاکہ میں جیل میں بھی آپ کا جوش دیکھ رہاہوں اور ہر طرف سے ووٹ کو عزت دو کے نعرےسن رہاہوں ۔نواز شریف نے کہاکہ میں یہ کہناچاہتاہوں کہ برسوں سے ہمارا مقدر بن جانے والی خرابیوں کی گرتی ہوئی دیوار کو آخری دھکالگانے کا وقت آگیاہے 25 جولائی کو گھروں سے نکل کر ووٹ دو اور ن لیگ کو کامیاب بنائو۔
نواز شریف کا بیان میں کہنا تھا کہ میں اور مریم اسی لیے قید میں ہیں کہ آپ کی عزت اور آپ کے ووٹ کی عزت کے لیے تحریک اٹھائی ہے لہذا وقت آگیا ہے کہ آپ اس تحریک کو کامیاب بنائیں اور آپ ایسا تاریخی فیصلہ سنائیں جو تمام فیصلوں کو بہا لے جائے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی تقدیر بدلنے کا سنہری موقع مل رہا ہے، اس موقع سےہر قیمت پر آپ نے پاکستان کی تقدیر بدلنی ہے۔
قائد مسلم لیگ ن محمد نوازشریف کا الیکشن سے قبل قوم کے نام پیغام۔
25 جولائی کو اپنے حقوق کی آزادی اور ووٹ کی عزت کے لئے اٹھ کھڑے ہو، گھروں سے نکلو اور شیر پر مہر لگاؤ۔#PMLN 🐅#VoteKoIzzatDo #ووٹ_کو_عزت_دو pic.twitter.com/FREu2R6mFs— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) July 23, 2018
واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف اور مریم نواز کو سزا سنائی گئی تھی، احتساب عدالت نے نواز شریف کو 11 اورمریم نواز کو 8 سال کی سزا سنائی تھی اور دونوں کو لندن سے وطن واپس پہنچنے پر 13 جولائی کو گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔