ایشیاکپ کرکٹ ٹورنامنٹ غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوگئی

 

لاہور:بھارتی کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات میں ستمبر میں شیڈول ایشیاکپ ٹورنامنٹ میں شرکت کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا شکار ہے جس کے باعث ٹورنامنٹ بھی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوگئی ،تاہم آئندہ چند روز میں بھارتی کرکٹ بورڈ کا فیصلہ سامنے آ سکتا ہے۔

ایشین کرکٹ کونسل کے ایک اعلیٰ افسر کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ ملتوی ہونے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے اور رواں ہفتے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔ ایشین کرکٹ کونسل نے 15 سے 28 ستمبر تک دبئی اور ابوظہبی میں ایشیاکپ کرانے کا اعلان کررکھا ہے جس کیلئے ٹیموں کی یو اے ای آمد 13 ستمبر سے شروع ہو گی۔

ابتدائی طور پر ٹورنامنٹ کی میزبانی بھارت کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان کے باعث میزبانی سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ایشین کرکٹ کونسل نے نجم سیٹھی کی صدارت میں ٹورنامنٹ بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل کردیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے ہے کہ بھارت کے خیال میں اگر یہی ٹورنامنٹ سری لنکا یا بنگلہ دیش میں کرادیا جائے تو ان ملکوں میں اخراجات 5گنا کم ہوسکتے ہیں۔