این اے 127 کا الیکشن ملتوی کرنے کیلئے درخواست دائر

لاہور ہائی کورٹ میں ایوان فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو سزا ہونے کے بعد حلقہ این اے 127 کا الیکشن ملتوی کرنے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی۔
درخواست حلقہ این اے 127 کے ووٹر عمران بٹ کی جانب سے دائر کی گئی۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے حنیف عباسی کو سزا کے بعد حلقہ این اے 60 سے الیکشن ملتوی کر دیئے ہیں۔ مریم نواز کو بھی سزا ہوئی مگر ان کے حلقہ کا الیکشن ملتوی نہیں کیا گیا۔
دائر درخواست میں کہا گیا کہ آئین کے تحت تمام شہری برابر ہیں مگر الیکشن کمیشن نے مریم نواز کے ساتھ امتیازی سلوک برتا، عدالت این اے 60 کی طرح این اے 127 میں بھی الیکشن ملتوی کرنے کا حکم دے۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت نے رواں ماہ 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نوازشریف کو 11، مریم نوازکو 8 اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید سنائی تھی۔