معروف امریکی میگزین ورائٹی ہر سال انٹرٹنمنٹ انڈسٹری سے وابستہ دنیا بھر کے 500 بااثر کاروباری افراد کی فہرست جاری کرتا ہے،جس میں اس باربالی ووڈ کے سلطان سلمان خان اوراداکارہ پریانکا چوپڑا بھی شامل ہیں۔
گزشتہ روز امریکی میگزین کی جانب سے دنیا بھر کے 500 بااثر بزنس لیڈرز کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان، سابق ملکہ حسن اوراداکارہ پریانکا چوپڑا، نامور بالی ووڈ ہدایت کار و پرڈیوسر کرن جوہر، یش راج فلمز کے مالک پروڈیوسر آدیتہ چوپڑا اور ایکتا کپور سمیت 12 بھارتی شامل ہیں۔
سلمان خان سے متعلق ورائٹی میگزین کا کہنا ہے کہ سلمان خان، شاہ رخ خان اورعامر خان یہ تینوں اداکار کئی دہائیوں سے بالی ووڈباکس آفس پر حکومت کرتے آرہے ہیں۔ جب کہ بھارت کی 10 سب سے زیادہ بزنس کرنےوالی فلموں میں سلمان خان کی تین فلمیں شامل ہیں۔
دوسری جانب پریانکا چوپڑا انجنئرنگ میں اپنا کیریئر بنانا چاہتی تھی لیکن 2000میں مس ورلڈ کا تاج جیتنے کے بعد ان کی زندگی بدل گئی۔
واضح رہے کہ فہرست میں ٹاپ پوزیشن میں والٹ ڈزنی کمپنی کے چیئرمین اورسی ای او رابرٹ ایگرشامل ہیں۔