لاہور: عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاہے کہ4 سال قبل کہا تھا نواز شریف فوج کو پنجاب پولیس بنانے کا ایجنڈہ لے کر آئے ہیں ،فوج اور عدلیہ مخالف مہم کے پیچھے شریف برادران کا پیسہ اور افرادی قوت ہے ۔
ایک بیان میں ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ 2ہفتوں کی جیل نے انقلاب کا نشہ اتار دیا، اڈیالا کا مہمان غیر ملکی طیارہ اترنے کا خواب دیکھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 25جولائی کے بعد ’مجھے کیوں نکالا‘ کی مہم ’مجھے فوری نکالو‘ میں تبدیل ہوگی۔
ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ آج بھی منشیات فروش، منی لانڈرنگ کرنیوالے سنگین جرائم میں ملوث عناصر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ صدر مملکت کا ایک مجرم کی سہولت کیلئے وزیر اعظم کو فون کرنا افسوسناک ہے، آئینی منصب کا خیال کریں۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ریاستی عہدیدار مجرم کے سرپرست بنیں گے تو کرپشن اور بد عنوانی کبھی ختم نہیں ہو سکے گی، الیکشن کے بعد ملکی حالات کے حوالے سے میں بہت فکر مند ہوں۔