واشنگٹن: امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اوراُن کے وکیل مائیکل کوہن کے درمیان پلے بوائے ماڈل کیرن میکڈوگل کو خاموش رہنے کے لئے معاوضہ دینے کی آڈیو گفتگو منظرعام پرآگئی ہے۔
امریکی چینل سی این این نے امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اوراُن کے اٹارنی مائیکل کوہن کے درمیان ہونے والی گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگ حاصل کرلی ہے جس میں امریکی صدراپنے وکیل مائیکل کوہن کو معروف پلے بوائے ماڈل کیرن میکڈوگل کو معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کررہے ہیں جس کے عوض ماڈل گرل کیرن میکڈوگل امریکی صدر کے ساتھ جنسی تعلق کے معاملے پر خاموش رہیں گی۔
یہ آڈیو ٹیپس چند ماہ قبل امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی نے نیویارک میں مائیکل کوہن کے گھرچھاپے کے دوران برآمد کی تھیں جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ ٹیپ نومبر2016 میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات سے 2 ماہ قبل ریکارڈ کی گئی تھی۔
ماڈل کیرن میکڈوگل نے امریکی صدارتی انتخاب کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ معاشقے کا دعوی کیا تھا۔ ماڈل نے اپنے معاشقے کی کہانی ایک جریدے نیشنل انکوائررکو ڈیڑھ لاکھ ڈالرمیں فروخت کی تھی جس کے مالک ٹرمپ کے قریبی دوست تھے۔ ٹرمپ کے کہنے پراخبارکے مالک نے یہ کہانی نہیں چھاپی تھی۔
ماڈل اپنی کہانی کے حقوق فروخت کرچکی تھیں اس لیے یہ کہانی اب کسی اور جریدے میں چھپ نہیں سکتی تھی اورنہ ہی وہ امریکی صدر سے اپنے مبینہ معاشقے کے بارے میں کھلے عام بات کر سکیں گی۔
کہا جا رہا ہے کہ دراصل ماڈل کی کہانی کوامریکی صدر نے اپنے دوست کے ذریعے خود خریدا تھا۔
واضح رہے ماڈل کیرن میکڈوگل کے معاشقے سے قبل صدر ٹرمپ کو پورن اسٹاراسٹارمی ڈینئیلز کے ساتھ غیرازدواجی تعلقات رکھنے کے معاملے پربھی مشکلات کا سامنا رہا ہے اوروہ تاحال اسٹارمی اسکینڈل سے نکل نہیں پائے ہیں۔