لاہور:ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نےایشیا کپ 2018 کے شیڈول سے متعلق بھارتی کرکٹ بورڈ کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے شیڈول میں تبدیلی سے انکار کر دیا ہے۔
ٹورنامنٹ شیڈول کے مطابق پاکستان اور بھارت 19 ستمبر کو آمنے سامنے ہونگے، میڈیا میں چلنے والی خبروں کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ اس شیڈول میں تبدیلی چاہتا ہے کیونکہ بھارت کو ایک دن پہلے بھی میچ کھیلنا ہے۔
اس حوالے سے بورڈ کے ایک سینئر عہدے دار کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کا شیڈول احمقانہ ہے، بھارت کے میچ سے قبل پاکستان ٹیم کو2 روز آرام کا موقع دیا گیا ہے، جبکہ بھارتی ٹیم کو آرام کا کوئی دن نہیں دیا گیا، اس لیے شیڈول تبدیل کیا جائے۔ سابق اوپنر وریندرسہواگ نے تو بھارتی ٹیم کو ایشیا کپ میں شرکت ہی نہ کرنے کا مشورہ دے ڈالا ۔
اے سی سی نے واضح کیا ہے کہ انہیں اب تک بی سی سی آئی کی جانب سے شیڈول کے حوالے سے کوئی باضابطہ شکایت موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی شیڈول میں کوئی تبدیلی متوقع ہے۔کونسل حکام نے واضح کیا کہ مذکورہ ٹورنامنٹ بھارت کی میزبانی میں ہو رہا ہے اور اسکا شیڈول بھی بھارت سمیت تمام کرکٹ بورڈز سے مشاورت کے بعد طے کیا گیا تھا لہٰذا کسی بھی تبدیلی کے لئے تمام کرکٹ بورڈز کا متفق ہونا بہت ضروری ہے۔