سابق گورنرسندھ محمد زبیرکی خالد مقبول صدیقی سے ملاقات

کراچی:سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکزی دفتر میں پارٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی ہے۔
دوران ملاقات دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی سیاسی صورت حال میں گفت و شنید ہوئی جب کہ سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے ایم کیو ایم کو مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کا پیغام پہنچایا اور وفاق میں مضبوط اپوزیشن اتحاد میں شرکت کی دعوت دی۔ خالد مقبول صدیقی پاکستان نے محمد زبیر کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پیشکش پر رابطہ کمیٹی سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر ایم کیوایم کی جانب سے فیصل سبزواری کے علاوہ دیگر اراکین رابطہ کمیٹی بھی موجود تھے۔
واضح رہے ایم کیو ایم پاکستان عام انتخابات میں قومی اسمبلی میں 6 اور صوبائی اسمبلی میں 16 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ تحریک انصاف نے بھی وفاق میں حکومت بنانے کے لیے ایم کیو ایم پاکستان سے رجوع کیا ہے تاہم ایم کیو ایم نے تاحال حکومت یا اپوزیشن میں رہنا کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔