ایتھنز :یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے قریب لگنے والی آگ سے ہلاک افراد کی تعداد 100 ہو گئی ہے جب کہ 25 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایتھنز کے قریب سمندری تفریحی مقام کنیٹا پر لگنے والی آگ سے خواتین اور بچوں سمیت ہلاکتوں کی تعداد 100 تک پہنچ گئی ہے۔
مقامی حکام کے مطابق آتشزدگی کے واقعے کے بعد سے 25 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈیزاسٹر منیجمنٹ ادارے کے حکام کے مطابق مرنے والوں میں چار غیرملکی بھی شامل ہیں جن کی شناخت کرلی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جھلس کے ہلاک ہونے والے 28 افراد کی شناخت کے لیے ان کے اعضاء کے نمونے فرانزک لیب بھجوا دیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ 23 جولائی کو ایتھنز کے قریب واقع کنیٹا کے علاقے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس نے تیز ہوا کے جھونکوں کے باعث بہت بڑے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔
برسلز میں واقع ریسرچ سینٹر کے ڈیٹابیس کے مطابق سن 1900 کے بعد یہ یورپ میں آگ لگنے کا بدترین واقعہ ہے۔