کانگو: افریقی ملک کانگو میں پر اسرار بیماری سے 12 افراد ہلاک ہو گئے۔ طبی حکام کا کہنا ہے کہ اس بیماری کی علامت ایبولا وائرس سے ملتی جلتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق افریقہ کے ملک ڈیموکریٹک ریپبلک کانگو میں پر اسرار بیماری سے 12 افراد جاں کی بازی ہار گئے۔
اس ضمن میں حکام کا کہنا ہے کہ اس بیماری کی علامات ایبولا وائرس سے ملتی جلتی ہیں۔ اس بیماری کی وجوہات جاننے کے لئے ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔
کانگو میں 24 جولائی کو ایبولا کی وبا پھیلنے کی وارننگ جاری کی گئی تھی جبکہ مئی میں پھوٹنے والی اس وبا کی وجہ سے 33 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ کانگو میں مجموعی طور پر یہ نواں موقع ہے کہ وہاں ایبولا وائرس کی وجہ سے شہری ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ پہلی بار اس وائرس کا پتہ 1970 کی دہائی میں چلا تھا اور تب اس انتہائی ہلاکت خیز جرثومے کو مشرقی کانگو میں دریائے ایبولا کی نسبت سے اس کا نام دے دیا گیا تھا کیونکہ اس وائرس کے پھیلاؤ نے زیادہ تر اسی دریا کے ساتھ ساتھ واقع علاقوں کو متاثر کیا تھا۔