کوپن ہیگن:یورپی ملک ڈنمارک میں آج سے عوامی مقامات پرمسلمان خواتین کے نقاب لگانے پرپابندی کے قانون کا اطلاق ہوگیاہے، نقاب پر پابندی کے خلاف کوپن ہیگن میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
ریلی میں شرکت کی دعوت دینے کے لیے مسلمان خواتین نے نقاب پر پابندی کے خلاف پمفلٹ تقسیم کیے، خواتین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے حق کے لیے لڑیں گی اورنقاب نہیں اُتاریں گی۔
ڈینش دارالحکومت میں آج مسلمان خواتین کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، جس میں غیرمسلم خواتین بھی نقاب پہن کر مظاہرہ کریں گی۔
ڈنمارک میں آج سے مسلم خواتین پر عوامی مقامات پر چہرے پر نقاب لگانے پر پابندی کے قانون کے مطابق پولیس اہلکار عوامی مقامات پر نقاب لگانے والی خواتین کو نقاب ہٹانے کا حکم دے سکیں گے یا انھیں وہاں سے گھر جانے کے لیے کہیں گے۔
پہلی بارخلاف ورزی پر ایک ہزار ڈینش کراؤن یعنی 120پاؤنڈ جرمانہ کیا جائے گا جبکہ کسی بھی خاتون کی جانب سے چوتھی بار خلاف ورزی کرنے پر 10ہزار ڈینش کراؤن تک جرمانہ کیا جاسکے گا۔
واضح رہے کہ ڈنمارک کی پارلیمنٹ نے نقاب پر پابندی کا بل مئی میں پاس کیا تھا جس کا اطلاق آج سے ہورہا ہے۔