سی پیک سے متعلق ہمارے تحفظات ہیں:سردار اختر مینگل

اسلام آباد:بلوچستان نیشنل پارٹی(مینگل )کے چیئرمین سردار اختر مینگل نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل پربلوچستان کومکمل اختیارہونا چاہیے،ہمیں دلاسے دیے جاتے ہیں لیکن بلوچستان کے لئے عملی اقدامات نہیں کیے جاتے۔

 

نجی ٹی وی چینل کے مطابق سردار اختر مینگل نے کہا کہ آر اوکی دھاندلی اب ایک کمپیوٹرائزڈشکل اختیارکرگئی ہے،الیکشن کے نتائج عوامی مینڈیٹ کے بالکل برعکس تھے،بلوچستان کے عوام کوان کے حقوق ملنے چاہئیں،سی پیک منصوبے پرتحفظات ہیں۔

 

سردار اختر خان مینگل نے کہا کہ چاہتے ہیں پیپلزپارٹی بلوچستان کے حقوق کیلئے مرکزی کرداراداکرے،افغان مہاجرین کی افغانستان میں باعزت واپسی چاہتے ہیں،ایک جماعت کے علاوہ دیگرتمام جماعتوں نےانتخابی نتائج پرتحفظات کا اظہارکیا ہے،بلوچستان کو جمہوریت کی کبھی جھلک بھی نہیں دکھائی گئی۔

 

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد آنے کا مقصد بلوچستان سے ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ ہے،ہم نے ہمیشہ جمہوریت کو پروان چڑھانے کی کوشش کی،ہم نے کسی جماعت کیلئے بات چیت کے دروازے بند نہیں کیے ،اب مذاکرات کرنے کی ضرورت ہے۔