ڈھاکہ :میانمر کی مسلمان اقلیت روہنگیا، جنہیں اپنے خلاف فوجی مہم سے بچنے کے لیے ہمسایہ ملک بنگلہ دیش میں فرار ہونا پڑا تھا، اب انہیں ایک نئی مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،انہیں شدید بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ درپیش ہے۔ حالیہ بارشوں ں سے ان کے پناہ گزین کیمپوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
غیر ملکی میڈیاکے مطابق بنگلہ دیش کے جنوب مشرقی ساحلی شہر کاکسس بازار کے عہدے داروں نے بتایا کہ انہوں نے تقریباً 40 ہزار روہنگیا پناہ گزینوں کو کیمپوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔عہدے داروں نے بتایا کہ مون سون میں سیلابوں کی خطرے کے پیش نظر مزید پناہ گزینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔
کاکسس بازار کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ پچھلے ہفتے شہر میں 500 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جب کہ بدھ کے روز کتوپالونگ میں 350 ملی میٹر بارش ہوئی۔لینڈ سلائیڈنگ سے پناہ گزینوں کے عارضی ٹھکانوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔پچھلے ہفتے بارشوں سے کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔