کل کے حریف مفادات کیلئے حلیف بن گئے۔عبدالعلیم خان

لاہور: تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اور نو منتخب رکن اسمبلی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر کپتان کے خلاف روائتی کرپٹ سیاست اور سٹیٹس کو کی قوتوں کا گٹھ جوڑ سامنے آ گیا اور کل کے حریف اپنے مفادات اور کرپشن کو چھپانے کیلئے دوبارہ حلیف بن گئے ۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ انتہائی مضحکہ خیز اور افسوسناک صورتحال ہے کہ نواز لیگ اور پیپلز پارٹی اپنی انتخابی مہم میں عمران خان اور تحریک انصاف پر الزامات لگاتے تھے اور آج دونوں ایک ہی تھالی میں آمنے سامنے بیٹھ گئے ہیں

گزشتہ5برسوں کی سیاسی مہم میں عمران خان کا موقف درست ثابت ہوا کہ زرداری اور نواز بھائی بھائی ہیں،اِنہوں نے ہمیشہ مفاہمت کے نام پر کرپشن کے تحفظ کی سیاست کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کل کی نام نہاد اے پی سی کے بعد ٹی وی چینلز نے زرداری اور شہباز کی جو تقاریر چلائی ہیں اُس کے بعد کسی کو شبہ نہیں رہنا چاہیے کہ اس سیاسی اتحاد کا مقصد صرف اور صرف تحریک انصاف کا راستہ روکنا اور اس کو ملنے والے مینڈیٹ سے انحراف کرنا ہے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ الیکشن میں ضمانتیں ضبط کروانے والے کس منہ سے پہلے حلف نہ اٹھانے کا اعلان کر رہے تھے اور اب احتجاج کرنے کے دعوے کر رہے ہیں؟عمران خان کی نقل کرنے والوں کو عقل سے کام لینا ہوگا وگرنہ انہیں مزید جگ ہنسائی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔