ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں طلبہ کی جانب سے کئی روز سے جاری احتجاج کے دوران مسلح افراد نے امریکی سفیر کے قافلے پر حملہ کردیا ،جس سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا ۔ مسلح افراد کے حملے میں امریکی سفیر مارسیا برنیکاٹ محفوظ رہیں۔
امریکی سفیر کے قافلے پر حملہ کا واقعہ ہفتے کی رات کو پیش آیا ہے۔ واقعہ کے ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے متعلقہ اداروں نے کارروائی شروع کر دی ہے۔65 سالہ خاتون سفارتکار کو 2014 میں سابق امریکی صدر بارک اوباما کی جانب سے بنگلہ دیش کے لیے سفیر مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد سے وہی ڈھاکہ میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔
بنگلہ دیش میں ایک ہفتہ قبل بس کے حادثے میں2نوجوانوں کی ہلاکت کے بعد ڈھاکہ میں طالب علموں کا احتجاج جاری ہے۔ احتجاج کے ساتویں روز جھڑپوں کے بعد حکومت نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس کو معطل کر دیا تھا۔