اسپاٹ فکسنگ کیس میں ناصر جمشید پر 10 سال کی پابندی عائد

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے دوسرے ایڈیشن کے دوران اسپاٹ فکسنگ میں ملوث مرکزی کردار ناصر جمشید پر 10 سال کی پابندی لگادی گئی۔
پی ایس ایل میں اسپاٹ فکسنگ کیس میں سابق کرکٹر ناصر جمشید کودس سال کی سزا سنائی گئی ہے تاہم ان پر جرمانہ نہیں کیا گیا۔ ناصر جمشید کو اس سے پہلے عدم تعاون اور تحقیقات میں غیر ضروری تاخیر پر ایک سال کی سزا ہوچکی ہے جو13 فروری کو ختم ہوگئی تھی۔
پی سی بی نے 8 فروری کو ناصر جمشید کے خلاف مزید پانچ شقوں کی خلاف ورزی کی چارج شیٹ جاری کی تھی، یہ پی سی بی نے دوسرا کیس کررکھا تھا جس کا فیصلہ اب سنایا گیا ہے۔ ٹربیونل کے جج جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں نے بارہ روز پہلے سماعت مکمل کی تھی اور فیصلہ محفوظ کرکے 15 روز میں سنانے کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے دوران سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ کیس میں پی سی بی نے ناصر جمشید کو مرکزی کردار قرار دیا تھا۔
اس کیس میں ‏خالد لطیف، شرجیل خان اور شاہ زیب حسن سزا بھگت رہے ہیں جب کہ فاسٹ بولر محمد عرفان اپنی سزا کاٹ چکے ہیں۔