بہترین پولیسنگ پر ٹریفک اہلکار کیلئے انعام کا اعلان

کراچی:کراچی میں بہترین پولیسنگ کا مظاہرہ کرنے والے ٹریفک پولیس افسر نواز سیال کیلئے پولیس حکام کی جانب سے انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
کراچی کے شہید ایس ایچ او حق نواز سیال کے بیٹے پولیس افسر محمد نواز سیال نے گزشتہ روز شارع فیصل سے آتے ہوئے میٹروپول ٹریفک سگنل توڑنے پر ایک جیپ سوار نوجوان کو روکا تھا۔
نوجوان جعفر جتوئی نے اپنے خاندانی تعلقات اور پولیس افسران سے گہرے مراسم کا حوالہ دیتے ہوئے پولیس افسر کو دباؤ میں لینے کی کوشش کی تھی۔
چالان کا سن کر نوجوان نے اپنے تعلق دار بااثر پولیس افسران کے حوالے دیئے اور فون کرتا رہا، دن رات افسران کے ساتھ بیٹھنے کے دعوے کئے اور کہا کہ وہ اور ان کے دوست روزانہ سگنل توڑتے ہیں ان کا کبھی چالان نہیں ہوا آج کیوں پکڑا۔
نوجوان نے بدتمیزی بھی کی، پولیس آفیسر نے طویل دورانیے کی ویڈیو ریکارڈنگ کی۔نواز سیال نے اپنی پیشہ ورانہ گفتگو سے جعفر جتوئی کو رویہ بدلنے پر مجبور کیا، اور گاڑی کے کاغذات لے کر 420 روپے جرمانہ کیا۔
ویڈیو وائرل ہونے پر ڈی آئی جی ٹریفک احمد اسحاق جہانگیر نوجوان پولیس آفیسر کے لئے انعام اور شاباش دینے کا اعلان کیا ہے۔محمد نواز سیال کو پیر کی دوپہر ڈی آئی جی ٹریفک آفس میں انعام سے نوازا جائے گا۔