سعودی فورسز نے دھماکا خیز مواد سے بھری بوٹ تباہ کر دی

ریاض:سعودی سیکیورٹی فورسز نے جازان میں آرامکو کے پلانٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والی موٹر بوٹ کو تباہ کردیا، موٹر بوٹ دھماکا خیز مواد سے لیس تھی۔
اتحادی افواج کے ترجمان جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ جمعرات کو حوثی باغیوں نے جازان کے ساحل پر آرامکو کے پلانٹ کو نشانہ بنانے کیلئے ریموٹ کنٹرول سے چلنے والی موٹر بوٹ کا استعمال کیا جس کا فوری طور پرپتہ چلالیا گیا۔
راڈار پر موٹر بوٹ کا سراغ ملنے کے بعدبحری افواج نے اس کا تعاقب کیا ۔ قریب جانے پر پتہ چلا کہ موٹر بوٹ میں کوئی شخص سوار نہیں تاہم اسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلایا جارہا ہے۔
اس موقع پر فوری کارروائی کرکے موٹر بوٹ کے انجن کو فائر نگ کرکے معطل کیا گیا۔ تلاشی لینے سے معلوم ہوا کہ موٹر بوٹ دھماکہ خیز مواد سے بھری ہوئی ہے،جس کے بعد حکام نے اسے کھلے سمندر میں لے جاکر تباہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ موٹر بوٹ جازان کے ساحل پر واقع آرامکو کے پلانٹ کو نشانہ بنانے کیلئے بھیجی گئی تھی۔ اسے الحدید بندرگاہ سے کنٹرول کیا جارہا تھا۔