سعودی حکومت نے امام کعبہ کو گرفتار کرلیا

 

جدہ :سعودی حکومت نے امام کعبہ شیخ ڈاکٹر صالح الطالب کو حکومتی پالیسیوں پر مبینہ تنقید کرنے پر گرفتار کر لیا ۔غیر ملکی میڈیا کےمطابق سعودی عرب میں قیدیوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والے ”پریزنر آف کنسائینس“ گروپ نے امام کعبہ کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے جسے الجزیرہ نے شائع کیا ہے ۔یہ گروپ سعودی عرب میں مذہبی شخصیات، علما اور مبلغین کی گرفتاری کی نگرانی کرتا ہے اور اس حوالے سے دستاویزات مرتب کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امام کعبہ کوعام طور پر رائج برائیوں کے خلاف عوامی سطح پر آواز بلند کرنے کی اسلامی ذمہ داری کے حوالے سے دیئے گئے ایک وعظ کے باعث گرفتار کیا گیا۔جبکہ ایک عرب ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ شیخ ڈاکٹر صالح الطالب نے اپنی تقریر میں کنسرٹس اور تفریحاتی تقریبات میں نامحرم مرد و خواتین کے گھلنے ملنے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔تاہم انہوں نے براہِ راست سعودی حکام پر کوئی تنقید نہیں کی تھی، واضح رہے کہ ان کی گرفتاری کے چند گھنٹوں بعد ہی ان کا انگریزی اور عربی ٹوئٹر اکاونٹ بھی بند ہوگیا تھا۔