اسلام آباد:وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت نے 2نئے سرکاری ٹی وی چینل کھولنے کافیصلہ کیاہے۔بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی مشاورت سے حکومت نے 2نئے سرکاری ٹی وی چینل کھولنے کافیصلہ کیا،ایک اسپورٹس چینل کرکٹ کے علاوہ تمام کھیل دکھائے گا،
کیوں کہ پی ٹی وی پر صرف کرکٹ دیکھائی جائے گی جبکہ دوسرا چینل صرف 16 سال سے کم عمربچوں کیلئے ہوگاجس پر بچوں کے پروگرام ہوں گے کیوں کہ ہمارے بچے انڈیا اور جاپانے کے ڈب شدہ کارٹون دیکھ کر وہا ں کی زبان استعمال کر رہے ہیں جو کہ بالکل صحیح نہیں ،ہمیں اپنے بچوں کو پاکستان کے اچھے اور مہذب کارٹون دکھانے ہوںگے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان ٹیلی ویژن سے سیاسی مداخلت کا خاتمہ کر دیا ہے جوکہ وزیر اعظم عمران خان کی مشاورت کے بعد کیا گیا آپ نے دیکھا ہوگا کہ پی ٹی وی اپوزیشن کو بھی دکھا رہا ہے جو کہ ایک تاریخی اقدام ہے ایسا آج تک کسی بھی حکومت میں نہیں ہوا ہم نے وہ فیصلے کئے تاکہ دوسری پارٹی بھی ایک دوسرے کو برداشت کرنا سیکھیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہاکہ ضمنی انتخاب سے متعلق عمران خان کی سربراہی میں پارلیمانی بورڈ تشکیل دیا گیا ہے،ضمنی انتخاب کیلئے پرانی درخواستوں پر ہی ٹکٹ دیے جائیں گے،ضمنی انتخاب کیلئے درخواستیں نہ مانگنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کابینہ سے متعلق فیصلے تاریخی ہیں،کل کابینہ اجلاس میں تاریخی نوعیت کے اقدامات کیے گئے، قومی خزانے کی حفاظت اوروسائل پیداکرنا حکومتی پالیسی ہے،ہم پوری کوشش کریں گے کہ پاکستان کے تمام وسائل پاکستان پر ہی خرچ ہوں ہم نے اسی لئے اپنے خرچے کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عارف علوی کو صدر کیلئے امیدوار نامزد کیا،ہم باآسانی صدارتی انتخاب میں کیلئے نمبرحاصل کرلیں گے، صدارتی انتخاب میں ہم نمبرگیم کراس کریں گے،صدارتی انتخاب میں ہمیں کوئی رکاوٹ درپیش نہیں،ایم کیو ایم ،ق لیگ،جی ڈی اے سمیت اتحادیوں کا ساتھ ہمیں مکمل حاصل ہے۔