نجم سیٹھی رخصت۔ کرکٹ بورڈ میں انتظامی تبدیلیوں کا فیصلہ

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ سے نجم سیٹھی کی رخصتی کے بعد نئے چہرے سامنے آرہے ہیں اور کچھ مزید انتظامی تبدیلیاں یقینی ہیں۔
نجم سیٹھی کے قریب رہنے والے کئی افسران کو گھر بھیج کر نئی انتظامی ٹیم سامنے لائی جائے گی۔ تبدیلی کے دور میں نئے پاکستان میں نیا کرکٹ لانے کا بھی دعویٰ کیا جارہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سرپرست اعلیٰ وزیر اعظم عمران خان نے پی سی بی گورننگ بورڈ میں احسان مانی اور اسد علی خان کو تین تین سال کے لیے نامزد کیا ہے۔
کرکٹ کی دنیا میں احسان مانی نیا نام نہیں ہے، وہ آئی سی سی صدر کے علاوہ کئی اہم عہدوں پر کام کرچکے ہیں۔ اسد علی خان بھی احسان مانی کی طرح پیشے کے اعتبار سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں لیکن پاکستان کرکٹ کے حلقوں میں یہ نام بالکل نیا ہے تاہم وہ کلب کرکٹر، قصور کرکٹ اور ویٹرنز کرکٹ سے وابستہ رہے ہیں۔
اسد علی خان نے تصدیق کہ وہ آزاد کنسلٹنٹ کی حیثیت سے پنجاب حکومت کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔ ان کی ذاتی کمپنی پاکستان کی چند بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے جو ٹیکنالوجی پر کنسلٹنسی خدمات فراہم کرتی ہے۔
اسد علی خان کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں کچھ نیا کرنے کی خواہش ہے، وزیر اعظم عمران خان سے میری آخری ملاقات 14 سال پہلے ہوئی تھی، نامزد چیئرمین احسان مانی سے بھی چند ملاقاتیں ہیں۔
خیال رہے کہ اسد علی خان نے اعلیٰ تعلیم بیرون ملک سے حاصل کی ہے۔ سڈنی میں 1965 سے1968تک گریڈ کرکٹ کھیلی اس وقت ویسٹ انڈین ویزلے ہال بھی اسی کلب سے کھیلتے تھے۔ وہ تین سال قصور کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر رہے۔ پنجاب ویٹرنز ایسوسی ایشن کے بورڈ ممبر ہیں۔