مشتاق احمد نے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے معذرت کرلی

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے سابق قومی کرکٹر مشتاق احمد کو بولنگ کوچ کی پیشکش کی گئی تاہم قومی کرکٹر نے پیشکش قبول کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
ذرائع کےمطابق بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے مشتاق احمد کو کوچ کی پیشکش کرکٹ کنسلٹنٹ گیری کرسٹن کی سفارش پر کی ،جس پر انہوں نے اپنے جواب میں کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مشتاق احمد اس وقت نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ ہیں۔
یاد رہے کہ مشتاق احمد اسپن بولنگ کوچ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، وہ انگلینڈ، انگلش کاؤنٹی اور آئی پی ایل ٹیم کی بھی کوچنگ کرچکے ہیں۔
انگلش کرکٹ بورڈ نے مشتاق احمد کو 2008 میں اسپن بولنگ کوچ مقرر کیا اور 2014 تک وہ اس عہدے پر خدمات انجام دیتے رہے۔
مشتاق احمد نے 1990 سے 2003 تک قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی اور اپنے 13 سالہ کرکٹ کیرئیر میں 52 ٹیسٹ اور 144 ایک روزہ میچز کھیلے۔
لیگ اسپنر مشتاق احمد نے ٹیسٹ کرکٹ میں 185 اور ون ڈے میں 161 وکٹیں حاصل کیں۔