آصف زرداری کا زرداری گروپ سے کوئی تعلق نہیں،پی پی رہنما

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کیس میں ملزم نہیں اورزرداری گروپ سے آصف زرداری کا کوئی تعلق نہیں،آصف زرداری صدربنے تواس وقت خودکوگروپ سے الگ کرلیا تھا۔

قمر زمان کائرہ نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری اپنی ہمشیرہ کے ہمراہ ایف آئی اے میں پیش ہوئےاور یہ ابتدائی قسم کی سماعت تھی اس میں ان سےکوئی سوال نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ فاروق ایچ نائیک نے ایف آئی ا ے کے افسران سے کہاکہ جو سوال پوچھناچاہتے ہیں لکھ کر دیں، لیکن ابھی تک اس حوالے سے ایف آئی اے نے کوئی سوال نامہ نہیں دیا ۔

قمر زمان کائرہ نے مزید بتایا کہ نہ پہلے کبھی عدالت سے بھاگے ہیں نہ آیندہ راہ فرار اختیار کریں گے۔

اس موقع پر چودھری منظور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن ہمیں اپنی مجبوریاں نہ بتائے،ہمیں نہ بتایاجائے کہ کس کی کیامجبوری ہے ہم سب کی مجبوریاں جانتے ہیں، آصف زرداری،محترمہ بینظیربھٹوکیخلاف ن لیگ والوں نے ہی کیس بنائے،ہمارے خلاف جتنے بھی کیس بنے سب ن لیگ کے دور حکومت میں بنے۔