گوادر: پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے بعد اب چینی بھی پاکستان آ ئیں گے۔ گوادر میں ایک نیا شہر بسایا جارہا ہے جہاں صرف چینی شہری قیام کریں گے۔ ابتدائی اندازے کے مطابق تقریباً 5 لاکھ چینی پاکستان آئیں گے ۔
بین الاقوامی جریدےکے مطابق نئے شہر کی تعمیر پر تقریباً ساڑھے 18ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ یہ چینی شہر پاک چین اقتصادی راہداری کا ہی حصہ ہے اور یہ ایک بڑا فنانشل مرکز بھی ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق چائنہ پاک انویسٹمنٹ کارپوریشن نے گوادر میں 3.6 ملین سکوائر فٹ جگہ بھی خرید لی ہے جہاں اس شہر کی تعمیر کی جائے گی۔
اس شہر میں قیام کرنے والے تمام چینی افراد وہ ماہرین اور ملازمین ہوں گے جو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے مختلف پراجیکٹس پر کام کرنے کے لئے پاکستان آئیں گے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ چینی شہر کی تکمیل اگلے4 سال میں مکمل ہو جائے گی۔