وزیراعظم کی مائیک پومپیو سےگفتگو پر امریکی بیان حقائق کےبرعکس ہے، وزیرخارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی ٹیلی فونک گفتگو سےمتعلق امریکی محکمہ خارجہ کی پریس ریلیز حقائق کے برعکس قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ اگر امریکا بیان پر قائم ہے تو ہم بھی اپنی بات پر قائم ہیں۔
سینیٹ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس ایوان کو پاکستان کی خارجہ پالیسی میں دلچسپی ہے، خارجہ پالیسی مرتب کرنے میں پارلیمنٹ سے رہنمائی حاصل کروں گا، ہمیں پارٹی سے بالاتر ہو کر خارجہ پالیسی کو دیکھنا ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان فون پر جو رابطہ ہوا وہ اچھی اور تعمیری گفتگو تھی، اخبارات میں بھی تذکرہ ہوا تاہم پریس ریلیز میں جو بتایا گیا وہ حقیقت کے برعکس ہے، غلطیاں ہو جاتی ہیں پریس ریلیز میں غلطی ہو گئی ہوگی۔ پارلیمنٹ کی آواز امریکا تک پہنچائیں گے۔