کرغرستان:ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکا کی جانب سے لگائی جانے والی معاشی پابندیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے واشنٹگن کے رویے کو جنگلی بھیڑیے سے تشبیہ دی ہے۔
ترک صدر طیب اردوان کا کرغزستان میں بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ترکی اور روس کے درمیان ڈالرز کے بغیر تجارت کی بات چیت چل رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں آپس میں اپنی کرنسیوں میں تجارت کر کے امریکی ڈالر کی اجارہ داری کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کی ضروت ہے۔طیب اردوان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کا رویہ جنگلی بھیڑیے جیسا ہے اس لیے اس پر اعتبار نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی ڈالر کا استعمال ہمیں نقصان پہنچاتا ہے لیکن ہم ہار نہیں مانیں گے اور فتح حاصل کریں گے۔
خیال رہے کہ ترکی اور روس دونوں ہی امریکا کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں کے باعث شدید معاشی بحران کا شکار ہیں۔
ترکی میں امریکی پادری کی حراست کے بعد سے انقرہ اور واشنگٹن کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں اور گزشتہ ماہ امریکی ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ترکی کی اسٹیل اور ایلومینیم پر لگائے گئے نئے ٹیکس کے باعث ترک لیرا کی قدر میں ڈالر کے مقابلے میں 40 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
امریکی پابندیوں کے باعث گزشتہ ماہ روس کی کرنسی بھی دو سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔