دبئی میں ایشیاء کپ کرکٹ ٹونامنٹ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی،تمام کپتانوں کی شرکت

دبئی:دبئی میں ایشیاء کپ کرکٹ ٹونامنٹ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی منعقد کی گئی جس میں ایونٹ میں شامل تمام ٹیموں کے کپتان شریک تھے۔
خیال رہے کہ ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان بھارت اور ہانگ کانگ گروپ’ اے‘ جب کہ سری لنکا، بنگلادیش اور افغانستان گروپ بی میں شامل ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم اور تیاری بہت اچھی ہے، ورلڈ کپ کے لئے سفر جاری ہے لیکن فی الحال فوکس ایشیاء کپ پر ہے،انہوں نے کہاکہ وننگ پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے، ’سیریز بائی سیریز‘ ہم اپنے آپ کو بہتر کریں گے۔
سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کھیلنا ہے، ان سیریز کو کھیل کر ہمیں پتہ چلے گا کہ ہم کہاں کھڑے ہیں اور ہمارا ورلڈ کپ کا کیا کمبی نیشن ہوگا۔
بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ ایشیاء کپ کے تمام ہی میچز اہم ہیں لیکن ہمیں پاکستان کے خلاف میچ کا انتظار ہے اور اس کے لئے پرجوش ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں 12 سال بعد واپس آکر خوشی محسوس کررہے ہیں، ہم بھارت سے باہر کئی سیریز جیت چکے ہیں اور مجھے پہلی بار پوری سیریز میں کپتانی کا موقع مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ٹورنامنٹ جیتنے اور پاکستان کے اہم میچ پر نظریں مرکوز کئے ہوئے ہیں لیکن دیگر ٹیمیں بھی تیاری کے ساتھ یہاں آئی ہیں اور ورلڈ سے قبل سب ٹیموں کو تیاری کا موقع ملا ہے۔
خیال رہے کہ ایونٹ کا باقاعدہ آغاز بنگلادیش اور سری لنکا کے درمیان دبئی میں کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے شروع ہوگا۔ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا پاکستان اور بھارت کے درمیان 19 ستمبر کو ہوگا۔