سابق اہلیہ کی تصاویر اپ لوڈ کرنے پر ڈی آئی جی کی گرفتاری کا حکم

لاہور: سپریم کورٹ نے سابق اہلیہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے پر ڈی آئی جی گلگت بلتستان جنید ارشد کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ میں ڈی آئی جی گلگلت بلتستان جنید ارشد کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، جنید ارشد کی سابق اہلیہ عائشہ سبحانی نے چیف جسٹس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا کہ میرے سابق شوہر نے میری تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھیں، اس معاملے میں ٹرائل کورٹ سے ضمانت خارج ہونے کے باوجود جنید ارشد کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
چیف جسٹس پاکستان نے درخواست پر سماعت کے بعد ڈی آئی جی جنید ارشد کو فوری گرفتار کرنے اور نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ کیا پولیس افسر اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں،؟ جنید ارشد کو کل تک گرفتار کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔