تائیوان میں سمندری طوفان چمپی کی تباہ کاریاں، ایک شخص ہلاک، 171 زخمی
طوفان 'چمپی' نے تائیوان اور جاپان میں تباہی مچا دی، 90 سینٹی میٹر بارش کا الرٹ جاری ،تائیوان میں اسکول اور دفاتر بند
فائل فوٹو
تائیپی: مشرقی ایشیا میں تباہ کن سمندری طوفان ‘چمپی’ نے تائیوان اور جاپان کو ہلا کر رکھ دیا ۔ طوفانی ریلوں اور تیز ہواؤں کی زد میں آکر مختلف حادثات میں ایک شخص لقمہ اجل بن گیا جبکہ 171 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایک ہزار سے زائد شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
تائیوان میں ریڈ الرٹ، اسکول اور دفاتر بند
خبر ایجنسی کے مطابق تائیوان کے شمال مشرقی ساحلی علاقوں کے قریب طوفان کی شدت اپنے عروج پر ہے۔ محکمہ موسمیات نے انتہائی خطرناک صورتحال کا انتباہ جاری کرتے ہوئے ہفتے کے روز تک 90 سینٹی میٹر تک ریکارڈ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ سب سے زیادہ تباہ کن بارشیں ہفتے کی صبح متوقع ہیں۔
حکام نے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ساحلی علاقوں میں تمام تعلیمی ادارے اور سرکاری و نجی دفاتر بند کر دیے ہیں، اور شہریوں کو سخت ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی جانیں بچانے کے لیے ساحلی اور پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کریں۔
جاپان کے اوکیناوا جزائر اندھیرے میں ڈوب گئے
دوسری جانب اس خوفناک طوفان کے اثرات جاپان تک پہنچ گئے ہیں، جہاں کے اوکیناوا جزائر بھی ‘چمپی’ کی زد میں آ گئے ہیں۔ طوفانی ہواؤں کے باعث نظامِ زندگی درہم برہم ہو چکا ہے اور تقریباً 8,400 گھروں کی بجلی کی فراہمی معطل ہو چکی ہے، جس سے متاثرہ علاقوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
طوفان کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر دونوں ممالک میں امدادی ٹیموں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔