حشمت اللہ کے 97 رنز، پاکستان کو 258 رنز کا ہدف

ابو ظہبی: حشمت اللہ شاہدی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سپر فور مرحلے میں افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لیے 258 رنز کا ہدف دے دیا۔ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کے ابتدائی گیند بازوں کی نپی تلی بولنگ کے باعث افغانستان کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو سست آغاز فراہم کیا اور 31 رنز پر اس کی دو وکٹیں گرگئیں۔
اس موقع پر حشمت اللہ شاہدی اور رحمت شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 63 رنز کی شراکت فراہم کی۔ رحمت شاہ 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
بعدازاں اصغر افغان اور حشمت اللہ شاہدی کے درمیان شاندار 94 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کی بدولت افغانستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی۔
اصغر 67 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم حشمت اللہ کی جانب سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رہا۔ دیگر افغان بلے بازوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور ان کے ساتھ مل کر پاکستانی بولرز کے خلاف گراؤنڈ کے چاروں طرف شاٹس لگائے۔حشمت اللہ نے 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستانی فیلڈرز نے بھی افغانستان ٹیم کی بھرپور مدد کرتے ہوئے چار آسان کیچ ڈراپ کردیے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تین، شاہین شاہ آفریدی نے دو جبکہ حسن علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں تجربہ کار لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر، فہیم اشرف اور شاداب خان کی جگہ نوجوان لیفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، لیفٹ آرم اسپنر حارث سہیل اور محمد نواز کو کھلایا گیا ہے۔
آج ایشیا کپ کا ایک اور میچ بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان دبئی میں کھیلا جا رہا ہے جس میں بنگال ٹائیگرز نے بھارت کو جیت کے لیے 174 رنز کا ہدف دیا ہے۔
بنگلا دیش کی جانب سے مہدی حسن مرزا 42 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجہ نے 4 اور بھونشور کمار اور جسپریت بھمراہ نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔