احتجاج کامیاب، ریڈیو پاکستان کی عمارت لیزپردینے کا فیصلہ واپس

اسلام آباد: ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے شدید احتجاج کے بعد پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن نے عمارت کو لیز پر دینے کا فیصلہ واپس لے لیا۔
ریڈیو پاکستان کی عمارت کو لیز پر دینے کے حکومتی فیصلے کے خلاف ادارے کے ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین کی بڑی تعداد نے ریڈیو پاکستان سے پارلیمنٹ ہاؤس کی جانب مارچ شروع کیا تو پولیس کی بھاری نفری نے انہیں پیش قدمی سے روکنے کی کوشش کی۔
پولیس اور مظاہرین کے درمیان دھکم پیل سے کئی افراد کے کپڑے پھٹ گئے جب کہ مظاہرین کو روکنے کیلئے پولیس کی اضافی نفری طلب کی گئی تھی تاہم ملازمین وزیراعظم سیکریٹریٹ کے سامنے پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔
ملازمین نے وزیر اعظم سیکریٹریٹ کے سامنے دھرنا دے رکھا تھا، وزیر مملکت علی محمد خان نے مظاہرین سے مذاکرات کیے جس کے بعد عمارت کو لیز پر دینے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔
حکومت کے فیصلے کے بعد ملازمین پر امن طور پر منتشر ہوگئے جب کہ پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کی جانب سے ریڈیو پاکستان ہیڈکوارٹر کی عمارت کی منتقلی کا حکم نامہ واپس لینے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔