واشنگٹن:امریکا نے 3 عرب ممالک میں موجود اپنے پیٹریاٹ میزائل سسٹم کوواپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیٹریاٹ میزائل نظام کی واپسی کی وجہ انہیں اپ گریڈ کرنا اور چین اور روس پر توجہ مرکوز کرنا بتائی گئی ہے۔امریکی محکمہ دفاع کے ایک عہد یدار نے بتایا کہ امریکہ مشرق وسطی میں 3 عرب ملکوں کو دیا گیا پیٹریاٹ میزائل سسٹم واپس لے رہاہے۔امریکہ کی توجہ کا اگلا مرکز چین اور روس ہیں،نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پرامریکی عہدیدار نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ پینٹا گون کویت، اردن اور بحرین میں موجود اپنے4 پیٹریاٹ سسٹم واپس کرنے کی تیاری کررہا ہے۔ پیٹریاٹ سسٹم کی واپسی ایک یا دو ماہ کے اندر اندر کردی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ جن عرب ممالک سے پیٹریاٹ میزائل سسٹم واپس لیا جا رہا ہے ان کے پاس متبادل دفاعی نظام موجود ہے اور وہ اب کمزور نہیں رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پیٹریاٹ میزائل سسٹم ٹیکٹیکل بیلسٹک اور کروز میزائلوں سمیت دیگر میزائل حملوں سے بچانے کا ایک موثر ہتھیار ہے۔ عرب ملکوں کے پاس موجود پیٹریاٹ میزائل سسٹم امریکا کا فراہم کردہ ہے۔امریکی اخبارکے مطابق عرب ممالک سے پیٹریاٹ سسٹم کی واپسی ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔